(ایجنسیز)
افغانستان میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار پانچ غیر ملکی فوج ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی اتحادی افواج نے ہفتہ کو جنوبی افغانستان میں پیش آنے والے اس واقعے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اتحادی افواج نے مرنے والے غیر ملکی فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہیلی کاپٹر کن حالات میں گر کر تباہ ہوا۔
رواں سال اب تک افغانستان میں دو درجن کے قریب غیر ملکی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں صحافی اور
ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس ماہ ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
2014ء کے اواخر تک تمام غیر ملکی افواج ایک منصوبے کے تحت جنگ سے تباہ حال اس ملک سے اپنے وطن واپس چلی جائیں گی اور سکیورٹی کی ذمہ داری مقامی فوج اور پولیس کے سپرد ہو گی۔
تاہم حالیہ مہینوں میں طالبان کی طرف سے کی جانے والی پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کے تناظر میں مبصرین یہ خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ غیر ملکی افواج کے مکمل اںخلا سے افغانستان اور خطے میں سلامتی کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔